نیویارک ( بیورو رپورٹ ) نیویارک کے علاقہ جیکسن ہائیٹس میں بنگلہ دیشی کمیونٹی بھی کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے میدان میں آگئی۔ اس موقع پر مودی حسینہ مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔یہ احتجاج رات گئے تک جاری رہا۔ بنگلہ دیشی کمیونٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا بھارت سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور افسوس کا مقام ہے ہماری وزیراعظم شیخ حسینہ نریندر مودی کے ناپاک منصوبوں کی حمایت کر رہی ہے ۔ شیخ حسینہ کشمیریوں کے قاتل مودی کو اس کے گھر مبارکباد دینے گئیں۔ لعنت ہے ایسی وزیراعظم اور اس کی جمہوریت پر۔بنگلہ دیشی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اس موقع پر کشمیر کاز کی نمائندہ تنظیم Humanity Alive 360کے سربراہ آغا صالح کو حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا آئندہ بنگلہ دیشی اور پاکستانی ملکر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے کوششیں کرینگے ۔دریں اثناء فریندزآف کشمیر کے زیراہتمام ڈیلس میں کشمیری ،پاکستانی اورسکھ کمیونٹی کے رہنماؤں کا اجتماع ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ امریکی ارکان سینٹ سے موثر رابطے کرکے کشمیر میں بھارتی مظالم سے انہیں آگاہ کیا جائے گا اور ڈ یلس میں انٹرنیشنل کشمیرکانفرنس کے انعقاد کیلئے کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے تمام رہنماؤں کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھرپور حمایت اور ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل تک کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ سابق صدرکراچی پریس کلب اے ایچ خانزادہ تقریب میں مہمان خصوصی تھے ۔انہوں نے کمیونٹی کوبھارتی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا مشورہ دیا ۔سکھ فار جسٹس کے نمائندوں گوروندرسنگھ اور سریندر سنگھ نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔ پاک پیک کے ڈاکٹر عبدالجلیل خان ، اکنا کے ڈاکٹر بلال پراچہ، اے پی پیک کے ڈاکٹرندیم کلہیر، فرینڈز آف کشمیر کے فاروق خان ، اصیل خان ، مرزا تنویر ، پی ایس این ٹی کے عابد بیگ ،پیٹ کے ڈاکٹر جاوید اجمل، ادارہ منہاج القرآن کے اقبال حسن اور نیلو فر عباسی نے بھی کشمیر یوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔تقریب کے اختتام پر اے ایچ خانزادہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔