اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے ۔ نیب نے 2000سے اب تک 466.469ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں ۔نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا 2019میں 2018کے مقابلہ میں دوگنی شکایات 53643شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 42760پراسس کی گئیں ، 2019میں 1308شکایات کی جانچ پڑتال کی جبکہ 1686انکوائریاں اور 609انویسٹی گیشنز نمٹائی گئیں اور بدعنوان عناصر سے 141.542ارب روپے وصول کیے گئے ۔نیب نے سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے اور2019میں 1983کیسز نمٹانے کے ساتھ سزا کی شرح 68.8فیصد ہے ۔ احتساب عدالتوں میں 1219کرپشن ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی مالیت 900ارب روپے ہے ،مفرور اور اشتہاریوں کو گرفتارکرکے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کے لئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، تمام پراسییکیوٹرزقانون کے مطابق مکمل تیاری کے ساتھ مقدمات کی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پیروی کریں تا کہ ان کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جس نے وائٹ کالر کرائم کیس کو نمٹانے کے لئے 10ماہ کا وقت مقرر کیا ہے ۔