لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے میرے اندازے میں ہمارا لاک ڈائون کافی حد تک کامیاب ر ہاہے ،اس وقت کورونا کے 1087 کیسز تصدیق شدہ ہیں ، 280 افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے ، ان کے کل دس ہزار افراد کے ٹیسٹ کئے جائیں گے ، جن میں نشاندہی ہوگی ان کو کرونٹائن میں منتقل کیاجائے گا۔پروگرام کراس ٹاک میں میزبان اسداللہ خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا لاہور کے کیسز کی تعداد 210 ہے ، سب کی ٹریول ہسٹری ہے ، ایکسپوفیلڈ ہسپتال کا ایمرجنسی سنٹر 24 گھنٹے چل رہا ہے ،کسی کو شک ہے تو وہاں جاکر خود کو چیک کراسکتاہے ، اسی طرح کا انتظام میوہسپتال اور گجرات میں بھی کیا ہے ،187میں سے 90مریض ٹھیک ہیں۔سینئر تجزیہ کار ارشاد احمد عارف نے کہا کورونا وائرس پوری قوم کا بہت بڑا امتحان ہے ، اگر ہم انڈسٹری کھول کر احتیاط کرسکتے ہیں تو پھر کوئی قباحت نہیں لیکن ہماری قوم کی کوئی ایسی تربیت نہیں اس لئے مشکل ہوگا، حکومت میڈیکل شعبہ کے ایس او پیز کے مطابق انڈسٹری کو احتیاطی اقدامات کا پابند بنائے ،قو م کو اللہ نے موقع دیا ہے کہ صفائی کا خاص خیال رکھے ،سوال یہ پیدا ہوتا ہے 14اپریل کے بعد کیا ہوگا، ایسا نہ ہو ہم بھوک کے خوف سے انڈسٹری کھول دیں اور پھر حالات کنٹرول کرنا مشکل ہوجائیں، ٹائیگرفورس کاقیام بھی تاخیر سے کیا گیا۔ماہروبائی امراض ڈاکٹر احمد مختار نے کہا وبا کو کنٹرول کرنے والے چینی سائنسدان نے انٹرویو میں امریکہ اوریورپ سمیت دیگر ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ ماسک کااستعمال کریں تووائرس سے بچاجاسکتا ہے ، اللہ کا خاص کرم ہے کہ پاکستان میں صورتحال ہمارے کنٹرول میں ہے ، وائرس کھانسنے اورچھینکنے سے پھیلتا ہے ، جو شخص مرجاتا ہے اس سے نہیں پھیلتا ۔پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضی ٰ وہاب نے کہا کورونا وائر س مزید پھیلے گا یانہیں اس کے بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کرسکتا ہے تاہم احتیاط کی ضرورت ہے ۔ماہر نفسیات نوشابہ منان نے کہاہماری جنگ ایک وائرس کے خلاف ہے جو چھپا دشمن ہے ،کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ وائرس دوہفتے میں ختم ہوجائے گا ، وائرس کے سامنے تو دنیا کی سپر پاور بھی جھک گئی ہے ،وائرس سے اسی صورت بچ سکتے ہیں جب احتیاط کریں اورکرونٹائن میں رہیں۔ کراس ٹاک