اسلام آباد،کراچی(خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ماہ اپریل میں پاکستانی برآمدات2 ارب 19 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، اتوار کو اپنے ٹویٹ میں مشیر تجارت نے کہا کہ 2011 کے بعد پہلی بار سات ماہ لگاتارہر ماہ برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں، گزشتہ سال اسی عرصہ کے مقابلے برآمدات میں 129 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مشیر تجارت نے کہا کہ جولائی تا اپریل 2021 میں برآمدات 13 فیصد اضافہ کے ساتھ 20 ارب 87 کروڑ ڈالر سے زائد رہی ہیں ،گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں برآمدات 18 ارب 40 کروڑ ڈالر تھیں،ہمارے برآمدکنندگان کو مشکل حالات میں برآمدات بڑھانے کا کریڈٹ جاتا ہے ۔دریں اثنا امریکا، برطانیہ اورچین کو جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں سب سے زیادہ پاکستانی برآمدات ریکارڈکی گئی ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران امریکا کو 3.563 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 14.81 فیصد زیادہ ہے ، برطانیہ کو1.507 ارب ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.66 فیصد زیادہ ہے ۔ چین کو برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 8.41 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیا۔