کراچی (کلچرل رپورٹر)فلمی صنعت کے مقبول اداکار وہدایتکار ارباز خان کی نئی فلم ’’راؤنڈ اباؤٹ ‘‘ مکمل ہوگئی، فلم کی ریلیز جلد متوقع ہے ۔ ارباز خان کا کہنا تھا کہ یہ فلم انڈسٹری کی یادگار فلموں کی فہرست میں شامل ہوگی ، فلم پر سینئر و جونیئرفنکاروں نے بہت محنت کی ہے ، فلم کی کہانی عام ڈگر سے ہٹ کرہے عوام کو ضرور متاثر کریگی ، فلم کوملک کی خوبصورت لوکیشنز پر فلمایا گیاہے ، ہم اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے معیاری کام کرتے رہیں گے ، میری اپنی پوری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے چاہنے والوں کو منفرد کام دوں جس کے لیے محنت کرتا ہوں ۔ میری خواہش ہوتی جس طرح میں محنت ولگن کے ساتھ کام کررہاہوں اسی طرح میرے ساتھی فنکار بھی کریں اور وہ میرے ساتھ تعاون بھی کرتے ہیں جس سے میرا کام عوام میں مقبولیت حاصل کرتا ہے ۔ جدید دور کے مطابق فلموں کا بننا کامیابی کی ضمانت ہے ، ڈرامہ اور فلم میں مصروف ہوں ، اپنے کردار میں حقیقی رنگ بھرنے کی کو شش کرتا ہوں ، اپنے ملک کی فلموں کو ہمیشہ سے سپورٹ کیاہے ، نئے چہروں کو مزید سامنے آنا چاہئے تاکہ ایک خوشگوار اضافہ ہو۔