ملتان(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بعض قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، بھارت ہمارے ملک میں فرقہ وارانہ فساد پھیلانا چاہتا ہے اور کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے ، فارن فنڈنگ کیس پر پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں، کچھ لوگ ناجائز منافع کما کر راتوں رات امیر ہونا چاہتے ہیں لیکن حکومت ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف متحرک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خارجہ نے کہا برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 11 ارکان پارلیمنٹ نے کشمیر پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا ، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا جس نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا ، انہیں حساب دینا چاہئے ، ملائشیا میں روکا گیا طیارہ لیز پر لیا گیا تھا، طیارہ مالک اور پی آئی اے کے مابین تنازع چل رہا تھا ، برطانیہ اور ملائشیا میں دو طرفہ معاہدے کی وجہ سے طیارہ روکا گیا ، سفارت کاروں نے ملائشیا میں پھنسے مسافروں کی بروقت مدد کی ۔ انہوں نے کہا احتجاج جمہوری انداز میں ہونا چاہئے ، احتجاج کی آڑ میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے ، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو فنڈنگ کی مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم 19 جنوری کو فارن فنڈنگ کیس کے خلاف احتجاج کرنے جا رہی ہے ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو بھی 18 تاریخ کو فنڈز تفصیلات کی فراہمی کے لئے بلایا گیا ہے ، اپوزیشن سے مذاکرات کا کوئی اشارہ نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کچھ لوگ سانحہ مچھ کو بھی سیاست کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے ،ذمہ داروں کو بے نقاب کریں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا امید ہے نئی امریکی انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی۔