نئی دہلی (آن لائن،این این آئی،نیٹ نیوز)بھارت اورآسٹریلیا کے درمیان فوجی اڈوں تک رسائی سمیت 7 معاہدوں پر دستخط ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور آسٹریلین وزیراعظم سکاٹ موریسن نے ورچوئل کانفرنس کی جس میں میوچل لاجسٹک سپورٹ معاہدوں پر دستخط ہوئے ۔ورچوئل کانفرنس میں دونوں وزرائے اعظم نے کوروناوائرس، سائبر سکیورٹی اور تجارت بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور مشقوں کیلئے مزید راہ ہموار کرے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ورچوئل سمٹ میں نریندری مودی کا کہنا تھا کہ یہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پارٹنر شپ اور بزنس کا نیا ماڈل ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور امریکہ کے درمیان بھی اسی نوعیت کا ایک معاہدہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کا ایک حصہ ہے تاکہ خطے میں چین کی اقتصادی ترقی اور فوجی توازن کو برقرار رکھا جاسکے ۔معاہدے کے تحت فوجی جہاز ایندھن حاصل کرسکیں گے ، اسے چین کے فوجی اور معاشی طاقت کا مقابلہ کرنے کیلئے خطے میں ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہاہے ۔اگرچہ چین آسٹریلیا سے سب سے زیادہ برآمدات کرتا ہے ، تاہم حال ہی میں دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تنائوپیدا ہوا ہے اور آسٹریلیائی نے کورونا وائرس پھیلانے کے حوالے سے چین کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے مودی نے کہا ہماری حکومت نے کورونابحران کو ایک موقع میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مودی نے کہا کہ بھارت آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف دونوں ممالک کے لئے بلکہ ہند بحر الکاہل خطے اور دنیا کیلئے بھی اہم ہے ۔