کراچی (سٹاف رپورٹر)وفاقی کابینہ کی طرف سے ارسا میں وفاقی ممبرپنجاب سے لئے جانے کے فیصلے کیخلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،حزب اقتداراورحزب اختلاف نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پراحتجاج کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا،منگل کو سندھ اسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن جماعتیں وفاقی کابینہ کے فیصلے کیخلاف یکجا ہوگئیں۔ مشترکہ قرارداد پیپلزپارٹی کے رکن گہنوراسران،ایم کیوایم کے کنورنوید اورپی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ نے پیش کی،جس میں کہا گیا کہ وفاق کارکن پنجاب سے مقررکرنا زیادتی ہے ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاق کا ممبرسندھ سے مقررکرکے صوبے سے بے چینی ختم کی جائے ۔قرارداد پیش کرنے سے قبل ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سندھ اسمبلی کی منظور کردہ متفقہ قرارداد کو اہمیت نہیں دی گئی۔تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم سندھ کے معاملے پرصوبائی حکومت کیساتھ ملکر لڑیں گے ،ایم کیو ایم کے کنورنوید جمیل نے کہا کہ ہم اس قرارداد کو درست سمجھتے ہیں اورحمایت کرتے ہیں۔