پشاور ، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ، خبر نگار ، نیوز رپورٹر، وقائع نگار خصوصی) پشاور دھماکے میںشہید ہونیوالے اے این پی کے رہنما ہارون بلور سمیت تمام افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ، شہید ہونیوالے افراد کی تعداد 21ہوگئی ، 42زخمیوں میں سے 34 کو حالت بہتر ہونے پر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ، 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کے اگلے روز بھی شہر کی فضائسوگوار رہی ۔ہارون بلو ر کی نمازہ جنازہ وزیر باغ میں ادا کی گئی جس میںگورنر خیبر پختونخوا ،آفتاب شیرپائو ،امیر مقام ، دیگر جماعتوںکے رہنمائوںسمیت بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کی۔ شہید 10افرادکی اجتماعی نماز جنازہ عیسیٰ خیل جنازہ گاہ میں ادا کی گئی اور انہیںرحمان بابا قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ادھر ہارون بلور کی شہادت کے بعد الیکشن کمیشن نے پی کے 78پر انتخابات ملتوی کردیئے ، تاریخکا اعلان بعد میںکیا جائیگا۔ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے 3روزہ جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔تحریک انصاف کی جانب سے پشاور میں سیاسی سرگرمیاں روکنے کا اعلان کیا گیاجبکہ 14جولائی کو پشاور اور مردان میں جلسوں ملتوی کر دیئے گئے ۔ پیپلزپارٹی نے بھی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے آج پشاور میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا۔ دریںاثنائآئی جی پولیس نے نگران حکومت کی ہدایت پر تحقیقات کیلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی جسکی سربراہی ڈی آئی جی محکمہ انسداد دہشتگردی کرینگے ، تفتیشی ٹیم سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ دھماکے میں پاراچنار کا 25سالہ عارف حسین بھی شہید ہوا ، شہید کی 8ماہ قبل شادی ہوئی تھی وہ عوامی نیشنل پارٹی کا سر گرم کارکن تھا ۔ادھر کالعدم تحریک طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے فدائی عبدالکریم نے ہارون بلور پر حملہ کیا، عوام اے این پی کے جلسوںمیںجانے سے گریز کریں۔ این این آئی کے مطابق نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے سینٹکو بتایا کہ وزیر اعظم آج پشاور میںاپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرینگے جس میںملک بھر میںامن و امان کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا جائیگا۔مزید برآں صدر مملکت نے دھماکے کی مذمت اور ہارون بلور کی شہادت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہونگے ،دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی دھماکے کی مذمت کی۔ گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفرجھگڑا غلام بلورکے رہائش گاہ پر گئے اورہارون بلور کی شہادت پر تعزیت کی۔ اسلام آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غیر معمولی طاقتوں سے لڑرہے ہیں جو مستحکم اور پر امن پاکستان نہیں دیکھ سکتیں۔انہوںنے کہا کہ ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم انہیں شکست دے کر رہیں گے ۔آرمی چیف نے اے این پی رہنماہارون بلور کی دہشتگرد حملے میں شہادت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے بلور خاندان اور اے این پی سے اظہار تعزیت کیا۔