سرینگر(نیٹ نیوز )مقبوضہ کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ لوگوں کو آرٹیکل 370ختم کئے جانے کے فوائد بتانے کیلئے روزانہ پورے پورے صفحات کے اشتہارات دے رہی ہے ۔اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا یہ بڑے شرم کی بات ہے کہ قومی ٹیلی ویژن میڈیا محض ’’سب کچھ نارمل ہے ‘‘ کے ڈھونگ میں حکومت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے ۔کل جب غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آپ اپنے آپ کو بے روزگار اور پیسے سے محروم پائیں تو یاد رکھیں آرٹیکل 370 کی منسوخی سے آپ کو درپیش کسی بھی پریشانی کو دور کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔ اگر صرف آرٹیکل 370 کی منسوخی سے کچھ ہوتا تو مہاراشٹرا کی معیشت بہترہو جاتی ، مہنگائی پر قابو پالیا جاتا اور روزگار کی شرح میں اضافہ ہو جاتا۔افسوس کی بات ہے کہ ایک سادہ لوح ووٹر کو ایک ایسے مسئلے کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے کیلئے بیوقوف بنایا جارہا ہے جس کا ان کے مستقبل پر کوئی اثر نہیں۔