کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ) سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہید اریب کا جسد خاکی نیوزی لینڈ سے پاکستان روانہ کردیا گیا۔شہید اریب کا جسدخاکی نجی ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے آج ساڑھے دس بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچے گا،شہید کا آخری دیدار کراچی میں ان کے گھر ایف بی ایریا میں کرایا جائے گا ۔نماز جنازہ سہ پہر تین بجے سنگم گرائونڈ میں ادا کی جائے گی اور تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔کراچی میں اریب کے گھر سوگ کا سماں ہے اور تعزیت کیلئے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ ادھر تحریک انصاف کی جانب سے سانحہ نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ کے شہداکے ایصال ثواب کیلئے سی ویو نشان پاکستان پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سانحہ نیوزی لینڈ کے شہداکی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا نیوزی لینڈ کے واقعہ کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور شہدا کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔ اسلام امن کا درس دیتا ہے ۔کوئی بھی مسلمان دہشتگرد نہیں ہوسکتا ۔ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہر صورت میں جاری رکھیں گے ۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہم اور نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں ۔ اسلام کا مطلب ہی سلامتی ہے ۔