لاہور،کراچی،سکھر(نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ) احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیرکی عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف نے آشیانہ ریفرنس میں گواہ شفیق اعجاز کے بیان پر وکلائنے جرح مکمل کرلی،عدالت نے سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔احتساب عدالت کراچی نے نیب کی تاریخ میں سب سے بڑی 1ارب29کروڑسے زائد کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی۔پاکستان سٹیٹ آئل میں 23 ارب روپے کی کرپشن پرپی ایس او اور بائیکو آفیشلز کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی تونیب حکام نے احتساب عدالت میں رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ملزم کامران افتخار لاری 1 ارب 29 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تین اقساط میں واپس کرنا چاہتا،ملزم نجی کمپنی بائیکو کا ملازم تھا جس نے پی ایس او کے ساتھ سیل ایگریمنٹ کیا تھا،چئیرمین نیب نے بھی ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پر دستخط کردیئے ہیں۔ احتساب عدالت کراچی نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 17 ارب روپے کے ایس ایس جی سی کرپشن کیس میں نیب تفتیشی افسر کو ریفرنس کی مکمل دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیدیا، ڈاکٹر عاصم حسین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔تفتیشی افسر نے کہا ریفرنس شامل دستاویزات ملزمان کے وکلا کو فراہم کرچکے تاہم کچھ میں نمبرز آگے پیچھے ہیں۔ عدالت نے کہاملزمان کے وکلا کے ساتھ بیٹھ کر دستاویزات کا مسئلہ حل کریں،ریفرنس تین سال سے التوا کا شکار ہے ،آئندہ سماعت چودہ نومبر پر ہر صورت گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے ہیں۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وائس چانسلر مجاہد کامران سمیت تمام نامزد افراد کو فرد جرم کیلئے گیارہ نومبر کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کیخلاف سماعت27اکتوبر تک ملتوی کردی۔