کراچی؍ لاہور (سٹاف رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدرو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کرونا وائرس سے درپیش صورتحال پر تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ویڈیو کانفرنس پر مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی اورپیپلز پارٹی شیر پائو گروپ کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ سے رابطے کئے اور کرانا وائرس سے نمٹنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر مشاورت کی ۔بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن اور اسفندیار ولی نے شہبازشریف کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ فوری اور بروقت فیصلوں سے قوم کی جان بچائی جائے ۔بلاول بھٹو زرداری اور اسفندیار ولی نے شہبازشریف کی وطن واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے آل پارٹیز ویڈیو کانفرنس بلانے کے شہباز شریف کے فیصلے کو بروقت اور مستحسن قرار دیا۔ شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کاوشوں کو سراہا۔بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف،جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویزالٰہی ، بی این پی کے اختر مینگل، اے این پی کے ایمل ولی سے ٹیلیفونک رابطے کئے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے ملکی سیاسی قیادت کوتجویز پیش کی کہ کرونا وائرس کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صف میں آنا ہوگا کیونکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایک مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے ۔سیاسی رہنماؤں نے کرونا وائرس کے حوالے سے وڈیو لنک پر اے پی سی بلانے کیلئے اتفاق کیا۔دریں اثناء بلاول بھٹوزرداری نے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی کو بھی ٹیلیفون کیا اور ان سے کرونا وائرس سے ملک اوربالخصوص صوبہ سندھ میں پیدا شدہ صورتحال پر بات چیت کی۔دریں اثناء مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کر دی ۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ کرونا وائرس سے صورتحال کافی خراب ہے اسلئے عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اپنے گھروں میں رہیں ۔