اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،نیٹ نیوز )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں،ان سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں لیکن قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے ،معیشت بہتر ہورہی ہے ، حکومتی ترجمان کامیابیاں اجاگر کریں ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کے مقدمات،اسرائیلی حملوں سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے ،احتساب کا عمل، قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی ،اجلاس میں اسرائیلی بربریت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کی تجویز دی گئی ،اجلاس میں وزیراعظم کوکورونا ، مہنگائی سمیت مختلف امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے ہر ممکن انتظامی ، پالیسی فیصلے کر رہی ہے ، مثبت معاشی اعشاریوں کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیے ،آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف ، ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے ، وزیراعظم نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی منتقلی سمیت تمام امور پر فالو اپ لینے کی ہدایت کی جبکہ وزیراعظم کی زیر صدارت سعودی عرب کے دورہ سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں وفاقی وزرا، معاونین اور وزارت خارجہ کے حکام شریک ہوئے ، وزیر اعظم نے دور ہ پر رہنمائوں کا اعتماد میں لے لیا اور سعودیہ سمیت مختلف ممالک سے کئی منصوبے آگے بڑھانے پر مشاورت مکمل کرلی، وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعظم کو سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور قیدیوں کی سزاؤں کی مدت،جرمانوں کی تفصیل،واپس لانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی ملک امین اسلم نے بلین ٹری سونامی منصوبہ سے متعلق بریفنگ دی جبکہ وزیر اعظم سے صوبائی وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام خان تر کئی نے ملاقات کی ، ملاقات میں انہوں نے وزیر اعظم کوخیبر پختونخوا میں شعبہ تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کیلئے مرحومہ کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔