لاہور، ہجیرہ،راولاکوٹ ( اپنے رپورٹر سے ، نمائندگان92 نیوز) آزادکشمیر کے علاقے ہجیرہ میں بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ سے 3مکان زمین میں دھنس جانے کے باعث ایک ہی خاندان کے 5 بچوں اورخواتین سمیت9 افراد جاں بحق،6زخمی ہوگئے جبکہ 5 افراد لاپتہ ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فجرکے وقت ہجیرہ کے نواحی علاقے ہلوٹی پوٹھی چھپریاں میں بارشوں سے واٹر چینل ٹوٹنے کے باعث خوفناک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے حاجی شریف کے صاحبزادوں حافظ ریاض ،راج محمد اوراس کے بھائی کے گھرلینڈسلائیڈنگ کے باعث زمین میں دھنس گئے جن کے ملبے تلے دب کر5 بچوں اورخواتین سمیت 9 افراد دم توڑگئے ، جاں بحق ہونے والوں میں صوبیہ زوجہ راج محمد، تسمیہ ،علیشہ ،اسماء ، ماہین ، روزی ، شعیب اور مقصود شامل ہیں ، زخمی ہونے والوں میں زبیدہ ،ظہیر ، انعم ،ملائکہ، لائبہ اور طیبہ شامل ہیں،واقعہ کے بعدمقامی انتظامیہ نے فوج کی امداد طلب کر لی ،عوام ، ریسکیو ، پاک فوج ، پولیس ، الخدمت فائوندیشن ، مسلم ہینڈزانٹرنیشنل نے امداد ی کاروائیوں میں حصہ لیا اور9 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ملبے سے 7 نعشیں نکال لی گئیں ،2 لاشوں کی تلاش جاری تھی، اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ کے مطابق مزید لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے ، حادثے کی خبر ملتے ہی ڈپٹی سپیکر آزادکشمیراسمبلی موقع پر پہنچ گئے ۔ لواحقین نے کہاکہ پی ڈی او اور ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث واٹر چینل میں پانی کا دبائو بڑھا اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، ذمہ داروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جائے ۔ لاہور، راولپنڈی،سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ڈی جی خان، پشاور، بنوں ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہوئی، لاہور میں متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، لکشمی چوک میں 48 ،چوک ناخدا مصریشاہ میں 45،تاجپورہ ،گلشن راوی میں 41 ،پانی والا تالاب میں 36،سمن آباد میں 22 ،اپر مال پر 24اورجیل روڈ پر21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ایم ڈی واسا شہر میں نکاسی آب کے آپریشن کا جائزہ لیتے رہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژنز، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے ، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔