نئی دہلی (این این آئی)بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکرٹری رام مادھو نے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 370 کا خاتمہ’’اکھنڈ بھارت‘‘ کے ہدف کی طرف پہلا قدم تھااور اسکا اگلا قدم آزادکشمیر کو واپس لینا ہوگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رام مادھو نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب میں بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے 1994 ء میں آزادکشمیر کو واپس لینے کی قرارداد منظورکئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحلہ وار ہوگا۔ پہلی بات یہ ہے کہ جموں و کشمیرکو جو مرکزی دھارے میں نہیں تھا کو اب مکمل طور پر بھارت کیساتھ جوڑدیا گیاہے ۔ اکیسویں صدی کا بھارت 20 ویں صدی کے بھارت سے مختلف ہے جو رومانوی اور خاموش تھا کیونکہ اس میں تازہ تازہ آزاد ہونیوالے لوگوں کے خواب تھے اورمجاہدین آزادی انکی حکمرانی کررہے تھے ۔ لیکن 21 ویں صدی کا بھارت عملی ، فعال اور متحرک ہے ۔ عالمی رہنما بن کر ابھرنا بھارت کا مقدر ہے ۔