لاہور(جنرل رپورٹر)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف اور ازبکستان میں پاکستان کے سفیر سید علی اسد گیلانی نے دورہ کیا ، دورے کا مقصد دو طرفہ باہمی تعاون پر اظہار خیال کرنا تھا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی میں تعلیمی، تحقیقی اور دیگر منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف کا کہنا تھا کہ میرے لئے لاہور آنا اور اس تاریخی طبی درسگاہ میں آنا فخر کی بات ہے ہم یہاں دو ملکوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی بارے تعلقات بڑھانے پر بات کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں پروفیسر خالد مسعود گوندل کی یونیورسٹی کے لئے خدمات قابل قدر ہیں۔اس موقع پر ازبکستان میں پاکستان کے سفیر سید علی اسد گیلانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے کنگ ایڈورڈ میں آنا بہت فخر کی بات ہے ہمیں مستقبل میں ہر سطح پر باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے ۔