لاہور(اپنے رپورٹر سے،وقائع نگار، اپنے سٹاف رپورٹر سے )ازبکستان کے شہر نمنگان کے میئر کی سربراہی میں 20رکنی وفد نے گورنر ، ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے ملاقات اور محکمہ سیاحت کے دفتر کا دورہ کیا،تفصیلا ت کے مطابق نمانگان سٹی کے میئر شاؤکت عبدالرزاقوف کی صدارت میں14 رکنی وفد کی گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ملاقات میں تعلیم، کاروبار سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق کے لیے ہمیشہ کھڑاہے اور افغانستان سمیت خطے میں امن چاہتے ہیں۔ہم اپنے ہمسایہ سمیت تمام ممالک سے برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ دریں اثنا نجی ہوٹل میں دور وزہ عمرہ ہوٹلز و ٹورازم ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ قصور واقعہ پاکستانیوں کے لیے شرم کا باعث ہے معصوم بچوں پر ظلم و زیادتی افسوسناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس واقعہ کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گاابھی حکومت کو ایک سال ہوا ہے جبکہ اندرونی و بیرونی سطح پر بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ نمائش کا افتتا ح کر کے انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ پاکستان میں سکھ، ہندو اور عیسائی سیاحت کو پرموٹ کر رہے ہیں بابا گرونانک کی 550 سالگرہ کی بھر پور تیاریاں کر رہے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور محمد آصف بلال لودھی سے ازبکستان کے شہر نمنگان کے میئر شاؤکت عبدالرزاقوں نے اپنے 20رکنی وفد کے ہمراہ ٹاؤن ہال میں ملاقات کی۔ میئر نمنگان نے اپنے شہر کی خوبصورتی اور تاریخی روایات کے بارے میں بتایا۔ ملاقات کے دوران ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور میئر نمنگان کے درمیان دونوں شہروں کو جڑواں قرار دینے کے ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے ۔جس کے بعد لاہور کے جڑواں قرار دیئے گئے شہروں کی تعداد 17 ہو گئی۔ ادھر محکمہ سیاحت کے دفتر دورے کے موقع پر مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔