اسلام آباد (وقائع نگار) انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم عمران خان سے پائلٹس کے مشتبہ لائسنسز کے حوالے سے تحقیقات میں عالمی اداروں کو شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن، ایاٹا اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن کو تحقیقات کا حصہ بنایا جائے ، وزیر ہوابازی کی جانب سے بغیر تحقیقات پائلٹس کے لائسنس جعلی قرار دینے پر شدید تحفظات ہیں۔ تمام آزاد مبصرین کے مطابق مسئلہ خود پی آئی اے میں ہے ، وزیر ہوابازی کے بیان کے اثرات یورپ میں پی آئی اے پر پابندی کی صورت سامنے آئے ، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن کو پائلٹس لائسنس سکینڈل اور طیارہ حادثے کی تحقیقات میں معاونت کے لئے شامل کیا جائے ۔