اسلام آباد(اے پی پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یومِ پاکستان پریڈ کے موقع پر فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔ ا ئیر چیف جیسے ہی اپنے F-16 طیارے میں پریڈ وینیو کے قریب پہنچے تو اسلام آباد کی خاموش فضائیں ائیر چیف کے اس پیغام سے گونج اٹھیں ’’ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ ہمیشہ ملکی خود مختاری کا تحفظ کرے گی اور اس پر مسرت موقع پرمیں قوم کو آزادی کے رکھوالوں اور اپنی فضائی سرحدوں کے محافظوں کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں ۔ پاکستان زندہ باد‘‘ ۔ انہوں نے یہ پیغام کاک پٹ سے براہ راست دیا تھا۔اس پیغام کے ساتھ ہی ائیر چیف کا طیارہ پریڈ سکوائر کے اوپر ہائی G سٹیپ ٹرن کے بعد شاندار ورٹیکل رولز (Vertical Rolls) کا مظاہرہ کرتے ہوئے فضاؤں میں اوجھل ہو گیا۔ ائیر چیف کاجہاز آسمان کی بلندیوں میں جاتا دیکھ کرپر جوش حاضرین نے بھر پور تالیوں سے اس فلائی پاسٹ کی داد دی ۔