ساہیوال،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار میانوالی سے لاہور آنے کی بجائے ساہیوال پہنچ گئے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ساہیوال میں مبینہ مقابلے میں چار افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ساہیوال پہنچنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعلیٰ جو میانوالی کے دورے پر تھے لاہور واپس آنے کی بجائے فوری ساہیوال پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے وقوعہ کے حوالے سے بریفنگ لی ۔آئی جی پنجاب بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے ۔وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زخمی بچے کی عیادت کی۔ وزیراعلی کو بچوں کی صحت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی نے فائرنگ سے جاں بحق افرادکے ورثا سے بھی ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاہمارے اقتدارمیں آنے کے بعد پہلا ایسا واقعہ ہے ،ہم نے فوری جے آئی ٹی تشکیل دی،انکوائری کی نگرانی خودکرونگا،ہم اس کیس کو مثال بنادیں گے ۔بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ملوث اہلکاروں کو قرارواقعی سزاملے گی۔انشااﷲ انصاف ہوگا،کسی سے زیادتی نہیں ہوگی،واقعہ کا مقدمہ درج ہوگیا۔گرفتاراہلکارسی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں۔ہم نے امن و امان کی صورتحال پراجلاس طلب کرلیا۔