فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) محکمہ سکولز ایجوکیشن میں اساتذہ کی ای ٹرانسفر کی پہلی میرٹ لسٹ کل (11 جون کو) جاری کی جائے گی جبکہ دوسری میرٹ لسٹ 20 جون، تیسری اور حتمی میرٹ لسٹ 27 جون کو جاری ہوگی۔ پہلی میرٹ لسٹ پر اساتذہ کی طرف سے اعتراضات 12 سے 19 جون تک دائر اور دور کئے جائیں گے ۔ دوسری میرٹ لسٹ پر 21 سے 26 جون تک اعتراضات دور ہوں گے ۔ تیسری اور حتمی میرٹ لسٹ جاری ہونے کے ساتھ اسی روز ہی منتخب اساتذہ کے تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے جائیں گے ۔ جو ان اساتذہ کو لاگ آن آئی ڈی پر ملیں گے جس کے ساتھ ایک ’’کیو آر‘‘ کوڈ بھی ہوگا جو ہر ٹیچر کا مختلف ہوگا وہی کیو آر کوڈ ان ٹرانسفر آرڈر کا نمبر بھی ہوگا۔