اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ افغانستان میں عالمی سطح پر ہم آہنگی کی ضرورت ہے ،افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کاوشوں سے انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاکستان میں متعین کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے ملاقات میں کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون ،افغانستان میں امن و استحکام سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے ،پاکستان کینیڈا کے ساتھ طویل مدت، کثیر الجہتی پائیدار تعلقات چاہتا ہے ، آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ کینیڈین ہائی کمشنر نے افغان صورتحال میں پاکستانی کردار کو قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا، وینڈی گلمورنے دوطرفہ بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔