لاہور، اسلام آباد ، قلات ، استور( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) استور کے سرحدی علاقے ٹٹوال میں برفانی تودہ گرگیا،تودے کی زدمیں آکر5گھرتباہ ہوگئے ،16افرادبرفانی تودے تلے دب گئے ،ہلاکتوں کاخدشہ پیداہوگیا، بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پھنس جانے والے نجی یونیورسٹی لمز کے طلبہ کو پاک فوج نے ریسکیو کرلیا، رتو میں نجی یونیورسٹی لمز کے طلبہ 5 روز سے پھنسے ہوئے تھے ، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ طلبہ کو ریسکیو کرکے راولپنڈی پہنچا دیا، نجی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے مدد کیلئے پاک آرمی سے رابطہ کیا تھا، آرمی چیف نے طلبہ کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریسکیو کرنے کی ہدایت کی تھی، برفباری سے متاثر ہونے والے طلبہ میں 13 لڑکے اور لڑکیاں شامل تھیں، تمام طلبہ راولپنڈی سے گھروں کو روانہ ہوگئیں۔ قلات میں لیویز نے شہر سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقہ محمد تاوہ گولک سے خاتون مریضہ کو ریسکیو کرکے بحفاظت محمد تاوہ پہنچا دیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شما لی علاقہ جات میں شدید سرد رہا، کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 20 ، استور منفی 16، گو پس منفی13، کالام، پاراچنار منفی 10، بگروٹ منفی 9، دیر، مالام جبہ، قلات منفی 5 اور کوئٹہ میں منفی 3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج منگل کو ملک کے بالائی، وسطی اور مغربی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ، شمال مغر بی بلو چستان، خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علا قوں، بالائی پنجاب اور اسلام آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور برف باری کی توقع ہے ، پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند کا امکان ہے ۔ لاہورمیں پیر کو موسم سرد اور خشک رہا، تیز دھوپ میں شہری بیٹھ کر حرارت لیتے رہے ، سہ پہر کے وقت ایک مرتبہ پھر بادلوں نے اپنے ڈیرے ڈالے ، آج بھی شہر میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے ، شہر کا کم از کم درجہ حرارت 7.8 سنٹی گریڈ رہا۔