لاہور(نیٹ نیوز)سینئر اداکار شان شاہد نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے ان کو ملک کی بدنامی کا باعث قراردے دیا۔شان شاہد نے اسحٰق ڈار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ان کے جھوٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام خراب ہو رہا ہے ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسحٰق ڈار اور ان جیسے دیگر جھوٹے افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔شان شاہد نے تجویز دی کہ حکام کو ایک دیوار بنانی چاہیے ، جس پر ایسے تمام جھوٹے افراد کی تصاویر آویزاں کرکے قوم کو ان کا مکروہ چہرہ دکھایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ جھوٹ کی جیت کبھی بھی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے لکھا کہ اسحٰق ڈار جیسے لوگ اپنی روح کو بیچ کر غلط طریقے سے دولت بناتے ہیں اور حکومت کو ان سے پوری دولت لینی چاہیے ۔اداکار نے مطالبہ کیا کہ اسحٰق ڈار اور ان جیسے لوگوں کو پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک داغ کی مانند سمجھا جانا چاہیے ۔شان شاہد کی مذکورہ ٹویٹ پر کئی افراد نے ان کی حمایت کی جب کہ درجنوں افراد نے ان سے اختلاف بھی کیا۔