ملتان( خبر نگار )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسد عمر تحریک انصاف کا نمایاں چہرہ ہیں اور ہماری ٹیم کے صف اول کے سپاہی ہیں۔انہوں نے ایمانداری سے کام کیا، مشکل وقت میں ذمہ داریاں سنبھالیں اور بہت اچھا کام کیا جن حالات میں ان کو معیشت ملی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں اور جس قسم کی معیشت ملی وہ آسان نہ تھی۔تحریک انصاف کی ٹیم کا حصہ ہیں اور رہیں گے ، ہم ان کے تجربات سے مستفید ہوتے رہیں گے ، اسد عمر کی خدمات کا اعتراف کرونگا۔ تحریک انصاف میں کسی قسم کی گروپنگ ہے اور نہ ہونی چاہئے ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت میں آرامختلف ہو سکتی ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ اسد عمر کو کیوں تبدیل کیا گیا، میں آپ کے سامنے ملتان میں ہوں۔انہوں نے کہا عمران خان وزیراعظم ہیں اور وزیراعظم رہیں گے ۔ وہ کپتان ہیں اور تمام ممبر ان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے فیصلہ کرنا ہے کون کہاں کھیلے گا اور کس سے کیا ذمہ داری لینی ہے ۔ جو بھی اسد عمر کی جگہ لے گا انہیں چیلنجز کا سامنا رہے گا۔ حکومت نے ملک کے مستقبل کیلئے مشکل فیصلے کئے ، مزید بھی کرنا ہونگے ۔صدارتی نظام کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صدارتی نظام کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہیں اور صدارتی نظام کی باتیں بے معنی ہیں،ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، پاکستان کے بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہیں،نیب ایک خود مختار ادار ہے جو آزادنہ اپنا کام کررہا ہے ،نیب نے اگر بلایا ہے تو جائیں جواب دیں، اپوزیشن نیب کو اپنا کام کرنے دے اور روڈے نہ اٹکائے ۔