مقبوضہ بیت المقدس، غزہ ،را ملہ(این این آئی )قابض صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں شعفاط پناہ گزین کیمپ میں راس خمیس کے نواحی علاقے پر دھاوا بولا اور علاقے کو سیل کر کے مقامی رہائشیوں کو دونوں طرف آنے جانے سے روک دیا۔ قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے جنوب میں الخلیل شہر میں فوجی چوکی سے فلسطینی لڑکی کو اغوا کر لیا اور الزام لگا یا کہ اس لڑکی کے پر س سے چاقو بر آمد ہو ا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بڑی تعداد میں گشتی گاڑیوں پر سوار اور پیدل اسرائیلی فوجی شعفاط کیمپ اور راس خمیس کے نواحی علاقے کی طرف جانے والی سڑک پر پھیل گئے اور اسے بند کر دیا۔قابض اسرائیلی فوج نے شہریوں کو کیمپ اور نواحی علاقے میں آنے جانے سے روک دیا اور بپھرے ہوئے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اشک آور گیس کے گولے پھینکے ۔