اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، ملک بھر سے کارکنوں ، رہنماؤں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچی ، پی ڈی ایم کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کے گھر سے خصوصی کنٹینر پر سوار ہوکر الیکشن کمیشن پہنچی،پی ڈی ایم رہنمائوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل نے عمران خان کی فنڈنگ کی ، ہمیں چور چور کہنے والا خود چور نکلا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قوم پرڈفلی بجانے والے کومسلط کردیاگیا،اس نااہل کو اس لیے کرسی پر بٹھایا گیا تاکہ احمق سیٹ پر بیٹھا رہے اور ہم پیچھے بیٹھ کر حکومت کرتے رہیں،پہلے حکومت نااہل تھی، اب ساری پارٹی چوروں کاٹبرنکلی،لانگ مارچ ہوگاتوحکمرانوں کو بھاگنے کاموقع نہیں ملے گا،ہم نے الیکشن 2018کومستردکرنے کا اعلان کیاتھا، ہم آج بھی اپنے موقف پرقائم ہیں،موجودہ حکومت منتخب نہیں، اسے قوم پرمسلط کیاگیا ،الیکشن کمیشن منصفانہ الیکشن نہیں کراسکا ،قوم نے جان لیاکہ پی ٹی آئی نے بھارت ،اسرائیل کے فنڈزسے الیکشن لڑا،یورپ،امریکہ،مشرق وسطیٰ سے ہنڈی کے ذریعے پیسہ لیاگیا ،حکومت کو آج لانگ مارچ کاایک نمونہ دکھادیا، یہ غیرملکی ایجنٹ ہیں،پی ٹی آئی کے 23خفیہ اکاؤنٹس نکلے ، انہوں نے جھوٹ بول کرغیرملکی فنڈنگ چھپائی، ان کو یہودوہنود سے سہارادے رہے ہیں،خیبر پختو نخوا کے ائمہ کیلئے ماہانہ10ہزارروپے کااعلان کیاگیا، کسی مولوی نے پیسے کوقبول نہیں کیا،کوئی بھی مولوی بھارت ،اسرائیل سے آیاہواپیسہ لینے کیلئے تیار نہیں ،ریاست مدینہ کاخواب دکھایاگیالیکن جب قوم صبح اٹھی تومنہ کوفے کی طرف تھا،5فروری کوکشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پرمنائیں گے ، کشمیریوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے ،آپ کونکال کرہی دم لیں گے ،تم سے حکومت نہیں چلتی توکس پاگل نے کہاتھاحکومت سنبھالو؟ ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے کہا کہیں عوام کوغلط فہمی تونہیں ہوئی کہ لانگ مارچ آج ہے ،ہم جس ملک میں رہتے ہیں وہاں آئین ہے نہ انصاف ہے ،اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ الیکشن کمیشن کو ذمہ داریاں یاددلائیں،کان کھول کرسن لیں لانگ مارچ کے روزکیاعالم ہوگا، پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑافراڈپی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس ہے ،نوازشریف کے کیس کی توروزسماعت ہوتی تھی،فارن فنڈنگ کیس کافیصلہ 6سال میں نہیں ہوا،اب آپ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ چوری نہیں کی توتلاشی کیوں نہیں دیتے ،فارن فنڈنگ کیس کی صرف70سماعتیں ہوئیں،جوپیسہ پی ٹی آئی اکاوَنٹس میں آیاوہ ہنڈی کے ذریعے آیا، سب سے زیادہ پیسہ بھارت اوراسرائیل سے ان کے اکائونٹس میں آیا ،اسرائیل سے بیری سیشت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اندرجیت دوسان نے خفیہ فنڈنگ کی، جعلی خان کی شکل میں جو عذاب مسلط ہے اس نے مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوششیں کیں ، عمران نے سکروٹنی کمیٹی کی 24 مرتبہ کارروائی رکوانے کی کوشش کی ، اگر دامن صاف تھا تو کارروائی رکوانے کی درخواستیں کیوں دیں؟ ،عمران کے ذاتی ملازم کے اکائونٹس میں بھی پیسہ آیا ، سکروٹنی کمیٹی کو اوپر سے حکم آیا تھا کہ عمران پر ہاتھ ہلکا رکھیں،الیکشن کمیشن کویرغمال بناکرعوام کے ووٹوں پرڈاکہ ڈال کرآپ کوسلیکٹ کیاگیا،کہتے ہیں مجھے نہیں پتہ یہ سب میرے ایجنٹس نے کیا،براڈشیٹ سکینڈل کوعوام فراڈشیٹ کہتے ہیں،عمران نے جرم کا اعتراف کرلیا، اعتراف کے بعدفیصلہ نہیں ہوتاصرف سزاہوتی ہے ۔راجہ پرویزاشرف نے کہا آپ ووٹ چوری کرکے اقتدارمیں آئے ،الیکشن کمیشن سے ہمارامطالبہ ہے کیس کافیصلہ فوری ہوناچاہیے ،آفتاب شیرپائو نے کہا کہ اگرآپ کے اکائونٹس جائزہیں توپھرکیوں گھبراتے ہیں،2018الیکشن میں دھاندلی ہوئی ،میاں افتخارحسین نے کہا سلیکٹڈ وزیر اعظم کوگھربھیجیں گے ،امیرحیدرہوتی نے کہا سلیکٹڈوزیراعظم کے لیے جے آئی ٹی کیوں نہیں بنائی جارہی ہے ، اختر مینگل نے کہا کہ جس آئین کی بنیاد پر یہ ملک کھڑا ہے یہ عوام اسی آئین کی بالادستی چاہتی ہے ۔ اویس نورانی نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن سے انصاف لے کر جائیں گے ۔ ساجد میر نے کہا کہ حکمران جماعت نے اسرائیل اور بھارت جیسے دشمنوں سے فنڈنگ لی ہے ۔