جنیوا،مقبوضہ بیت المقدس(نیٹ نیوز،این این آئی،صباح نیوز ) بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں مبینہ جرائم کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس اقدام کی شدید مخالفت کی ہے ۔فلسطین نے کرمنل کورٹ کی تحقیقات کا خیرمقدم کیا ہے ۔ دوسری طرف اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں بسگات زئیویہودی کالونی میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے وہاں پر 930 نئے گھروں کی تعمیر کی منظوری دی ہے ۔ اسرائیلی فوج نے مختلف کارروائیوں میں 15فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ۔قابض فوج نے الخلیل می فلسطینیوں کے تین مکانات مسمار کر دیئے ۔ اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کی مرابطہ اور سرکردہ سماجی کارکن خدیجہ خویص کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر چھ ماہ کی پابندی عاید کردی۔ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں جھڑپوں میں5 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ۔