اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑاں شہر راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جس سے حبس کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ،لاہور، ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد،کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ سرگودھا، مالاکنڈ،پشاور،مردان، کوہاٹ اور بنوں ڈویژن میں چند مقامات پر بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ اگلے چند روز کے دوران جنوبی پنجاب اور سندھ میں کپاس کی چنائی کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔