اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سکینرز پر تعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مبینہ دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 2اہلکار شہید ایک شدید زخمی ہو گیا۔پولیس ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں آئی جے پی روڈ پر اسلحہ و بارود کی سکیننگ کے لئے چائنہ سے منگوایا گیا سکینر نصب کیا گیا ہے جس پر تعینات وفاقی پولیس کے اہلکاروں پر گزشتہ شب دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور جدید اسلحہ سے فائرنگ کر کے کانسٹیبل خرم اور کانسٹیبل ثقلین کو شہید کر دیا جبکہ جہانزیب زخمی ہو گیا ، ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ تھا اور تربیت یافتہ دہشت گرد معلوم ہوتے ہیں ۔