اسلام آباد(نیٹ نیوز،آن لائن)اسلام آباد میں آج پاک،چین،افغان سہ فریقی مذاکرات ہونگے جن میں خطے کی صورتحال پرمشاورت کی جائیگی،افغان امن عمل ،پاک چین اقتصادی راہداری کی کابل تک توسیع بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ مذاکرات میں چین کی جانب سے وزیرخارجہ وانگ ژی اورافغانستان کی جانب سے افغان مشیر قومی سلامتی حمداللہ محب شرکت کریں گے ، پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے ، افغان امن ومفاہمتی عمل پر فریقی مشاورت کی جائے گی، افغان مفاہمتی عمل پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا۔دریں اثنا آن لائن کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی پاکستان پہنچیں گے ۔سیاسی مبصرین کے مطابق اسلام آباد میں مذاکرات اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کے حامل قرار دیے جا سکتے ہیں کہ دوحہ، قطر میں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے امن مذاکرات پہ دستخط کرنے کے عمل میں تعطل پیدا ہو گیا ہے ۔