اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کی برطرفی کاحکم معطل کر تے ہوئے صدرمملکت کے سیکرٹری ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کر دیا اوردو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے مشتاق سکھیرا کی درخواست پر سماعت کی جس میں صدر مملکت کی جانب سے وفاقی ٹیکس محتسب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا وفاقی ٹیکس محتسب جب تعیناتی کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھا لے تو اسے برطرف کرنے کیلئے صرف سپریم جوڈیشل کونسل کا فورم موجود ہے ۔عدالت نے اپنے حکم میں لکھا کہ مشتاق سکھیرا کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل رہے گا لیکن مشتاق سکھیرا بحالی کے باوجود آئندہ سماعت تک اختیارات کا استعمال نہ کریں۔