اسلام آباد(راجہ کاشف اشفاق) اسلام آباد پولیس دہشتگردی کے دو مقدمات میں مطلوب پشتون تحفظ موومنٹ کی متحرک رکن گلالئی اسماعیل کیخلاف وارنٹ گرفتاری حاصل کئے جانے کے باوجود گرفتاری کیلئے کوئی حکمت عملی طے نہ کر سکی۔ شہزاد ٹائون کے علاقے میں ننھی فرشتہ کی میت کے ہمراہ احتجاج کے موقع پر حکومت اور ریاست مخالف تقریر کر کے واقعے کو لسانی رنگ دینے کی کوشش پر تھانہ شہزاد ٹائون اور تھانہ کورال میں گلالئی اسماعیل کیخلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں جبکہ تھانہ مارگلہ پولیس کو بھی درخواست موصول ہوئی ہے جس پر مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ گلالئی اسماعیل کے اسلام آباد میں واقع گھر پر پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تاہم پولیس کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا، اس سلسلے میں ملزمہ کے وارنٹ بھی حاصل کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے چھاپے اور ملزمہ کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ ابھی تک ملزمہ کی گرفتاری میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی جبکہ ملزمہ کے گھر پر چھاپے سے متعلق بھی ڈی آئی جی نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔