اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مخلص اور جانثار ورکروں کے ساتھ تحریک انصاف کے بے لوث جیالے بھی جمعیت علماء اسلام کے میدان میں نکلنے والے جانبازوں کا ساتھ دیں گے ، ان دو بڑی جماعتوں کے قائدین کے اخباری بیانات ان کی مجبوری ہے ۔ وہ اپنی رہائشگاہ جامع مطلع العلوم میں عہدیداروں، ارکان شوریٰ اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے جیل سے مثبت پیغام بھیجا اور ہمیں توقع ہے کہ باہر کی قیادت اس کا پاس رکھے گی، پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ ہمارے کرم فرما ہیں لیکن ان کا بیان بلاول بھٹو کے اس بیان کے خلاف ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمن کے احتجاج کی اخلاقی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض رہنما صاف چھپتے بھی نہیں اور سامنے آتے بھی نہیں۔ حافظ حسین نے کہا کہ کراچی میں آئین کے دفعہ 149کا سہارا لے کر مداخلت کی گئی تو یہ وفاق کے لیے خطرناک ثابت ہوگا اور شاید اپوزیشن کے مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کا موجب بنے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آزادی مارچ مکمل پرامن اور باوقار ہوگا، ماضی کے دھرنوں جن میں ناچ گانے اور گالیاں تھیں سے مختلف ہوگا ۔