لاہور(خصوصی نمائندہ،92نیوزرپورٹ،این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا، اس کے دارالحکومت اسلام آباد میں نیا مندر بنانا نہ صرف اسلام کی روح کے خلاف بلکہ ریاست مدینہ کی بھی توہین ہے ۔اپنے ویڈیو بیان میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فتح مکہ کے موقع پر خاتم النبیین ؐنے حضرت سیدنا علی المرتضی ؓکے ساتھ بیت اﷲ شریف میں موجود 360 بتوں کو توڑا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا تھا کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل مٹنے کیلئے ہے ۔ہم اقلیتوں کے حقوق کے ساتھ ہیں، پہلے سے موجود مندروں کی مرمت کی جائے ۔ا نہوں نے کہاکہ میں نے اپنے دور میں کٹاس راج مندر کی مرمت کرائی تھی۔اپنے دور میں پہلی دفعہ پاکستان میں بجٹ میں گرجا گھروں کی مرمت کیلئے پیسے رکھے تھے ۔