لاہور(سٹاف رپورٹر )تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج سسٹرز یوکے کی تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ ’’التزکیہ کیمپ 2019 ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام مرد اور خواتین دونوں کی یکساں تعلیم و تربیت پر زور دیتا ہے ،انہوں نے برطانیہ میں ہر سال خواتین کے لئے روحانی اور تربیتی کیمپ کے انعقاد پر منہاج سسٹرز یو کے کی جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی اور اسے اسلام اور انسانیت کی قابل تقلید خدمت قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ بات قابل فخر ہے کہ اسلام اور قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی کے لئے پورے برطانیہ سے خواتین کیمپ کا حصہ بنتی ہے اور یہ جاننے کی سعی کرتی ہیں کہ اﷲ اور اسکے رسول ﷺ کے بنی نوع انسانیت کے لئے کیا احکامات ہیں؟ اور ایک باعمل مسلمان کے کیا حقوق و فرائض اور واجبات ہیں۔دوسری جانب تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ مرکزی سیکرٹریٹ میں نظامت تربیت اور میڈیا سیل کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوئی۔تربیتی ورکشاپ سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور،معروف سکالرڈاکٹر طاہر حمید تنولی ،معروف اینکر نورید فاطمہ،میڈیا ڈائریکٹر نور اﷲ صدیقی،معروف سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ صدیق جان،ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی،سائرہ اسلام نے خطاب کیا۔خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہاکہ جدید ذرائع ابلاغ کے موثر اور با مقصد استعمال کے لئے تربیت بہت ضروری ہے ۔منہاج القرآن اس ضمن میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔