اقوام متحدہ،اسلام آباد(ندیم منظور سلہری سے ،سپیشل رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی پرزوردیاہے کہ اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کا عالمی دن مقرر کیاجائے ۔ اقوام متحدہ کے ’تہذیبوں کے اتحاد‘ کے دوست گروپ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں انہوں نے اشتعال انگیزی، نفرت اور تشدد کو بین الاقوامی سطح پر خلاف قانون قراردینے کابھی مطالبہ کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ سوشل میڈیا اوراظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں نفرت انگیز بیانات اور مواد کی اشاعت کے نتیجے میں یہ مسئلہ مسلسل شدت اختیار کرتاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اظہاررائے کی آزادی دوسروں کی بے حرمتی یا اُن کے جذبات کومجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتی، مذہب یاعقیدے کی بنیادپرتشددکی ریاستی سرپرستی انتہائی پریشان کن اورتکلیف دہ ہے ۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ آج دائیں بازو اورفسطائی جماعتوں کے منشورمیں اسلام مخالف پروپیگنڈے کوقابل مذمت فعل نہیں سمجھاجارہا۔دوسری جانب ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک برتا جا رہا ہے اس پر ہمیں بے حد تشویش ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جس طرح انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھی ہوئی ہیں وہ ایک المناک داستان ہے جسے بھارت پوشیدہ رکھنا چاہ رہا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جب بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانا چاہا تو انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ انہیں بھارت میں اپنے دفاتر بند کرنا پڑے ۔انہوں نے کہاکہ ہیومن رائٹس کونسل کو انسانی حقوق کی تنظیموں پر لگائی جانے والی قدغنوں اور بے جا پابندیوں کا نوٹس لینا چاہیے ،بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔دریں اثنا پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودنے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی۔دوران ملاقات آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سمیت اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کااہم ستون ہے ،کشمیری بھائیوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور انکے جائز حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان ہر عالمی فورم پر ان کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔