لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزرا میاں اسلم اقبال اوروزیر صحت ڈاکٹر یاسمن راشدنے گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد کا دورہ کیا۔ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد سوا دو برس قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے کے بعد فعال کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کے حکام کی نااہلی کے باعث ہسپتال مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا اور صرف پانچ سے چھ بستر ہی استعمال ہو رہے ہیں۔ڈاکٹرنہ ہونے کی وجہ سے مریض دیگر ہسپتالوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں۔گزشتہ روز دونوں وزرا ء نے ہسپتال کا دورہ کیا ۔میاں اسلم اقبال ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ،ہسپتال کو 25 سے بڑھا کر 40بستروں کا ہسپتال بنایا جائے گا ۔ سابق حکومت نے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے صرف بلند وبانگ دعوے ہی کئے لیکن عملی طور پر کچھ نہ کیا ۔معیاری تعلیم اور بہتر طبی سہولتیں عوام کا حق ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت یہ حق عوام کو ہر قیمت پر دے گی۔دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اوران کے دکھوں کا مداوا ہماری ذمہ داری ہے ۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسیمین راشد نے کہا کہ ہسپتال میں 24گھنٹے ایمر جنسی سروسزکے ساتھ ہسپتال میں اینستھیزیا سپیشلسٹ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔یہاں زچہ بچہ سنٹر بنایا جائے گا جو 24گھنٹے کام کرے گا ۔ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے اسے 40بستروں کا ہسپتال بنائیں گے جس سے غریب آدمی کو بہترین علاج معالجہ ملے گا ۔