غزہ ( نیٹ نیوز) فلسطین کی مزاحمت پسند تنظیم حماس کی صدارت کے لیے دوسری بار اسماعیل ہنیہ کا انتخاب کرلیا گیا۔ وہ پہلی مرتبہ 2017 میں حماس کے صدر منتخب ہوئے تھے ۔ اب انہیں 2025 تک کیلئے حماس کے صدر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ۔ اسماعیل ہنیہ کے حماس کی سربراہی سنبھالنے کے بعد سے حماس نے اسرائیلی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کئی مقامات پر فتح حاصل کی ۔ حال ہی میں اسرائیل 14 روزہ بمباری کے بعد حماس کے ساتھ سیز فائر پر مجبور ہوگیا تھا جسے حماس نے اپنی کامیابی قرار دیا تھا۔ 58 سالہ اسماعیل ہنیہ حماس کے بانی شیخ احمد یاسین کے دست راست رہے ہیں، شیخ احمد یاسین کو 2004 میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ اسماعیل ہنیہ 2006 میں پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔ اس کے بعد وہ فلسطینی وزیر اعظم بھی بنے ، انہیں اسرائیل، یو رپی یونین اور امریکہ نے قبول نہیں کیا تھا۔ جس کے بعد 2007 میں انہوں نے غزہ میں اپنی حکومت بنا لی اور مغربی کنارہ میں فلسطینی اتھارٹی کی صورت میں الفتح کی حکومت قائم ہوگئی۔