لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور فیڈریشن آف ریٹیلرز کے وائس چیئر مین خالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پچا س لاکھ گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ کامیاب ہونے کے لئے ضروری ہے کہ تعمیراتی صنعت کو اہمیت دی جائے ، کنسٹرکشن انڈسڑی کے مسائل حل کئے جائیں اور اس پر عائد غیر ضروری ٹیکس ختم کیا جائے ، انہوں نے کہاکہ تعمیراتی صنعت کا پہیہ گھومنے سے چالیس صنعتوں کا پہیہ گھومے گااور عوام کو روز گاری کے لئے ان گنت مواقع میسر آئیں گے ، معاشی بحران کی وجہ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ، اب سب کی ذمہ داری ہے کہ مشکلات صور تحال سے نکلنے کے لئے کوشش کریں ، حکومت کنسٹرکشن انڈسٹری میں بہتری لانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرے ، انہوں نے کہاکہ اب سٹیٹ بزنس کے دفاتر بند ہورہے ہیں، وہاں سرگرمیاں ختم ہورہی ہیں اس حوالے سے حکومت فوری طو رپر اس کاروبار سے وابستہ افراد کو اعتماد میں لے اور اس صنعت کو مشکل صورت حال سے نجات دلائے ، مہنگائی کے خاتمہ کے لئے بنیادی اقدامات کی ضرورت ہے ، مہنگائی میں اضافہ سے ملک کی معاشی صورت حال پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔