کراچی(کامرس رپورٹر)انڈونیشیا کے قونصل جنرل ٹوٹوک پریانامتو نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈونیشیا کے صدر اور وزیراعظم مسلمان ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تجارت کے خواہش مندہیں اور اس مقصد کے لیے انڈونیشیا پاکستانی تاجروں کوہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔یہ بات انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے ) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر وائس قونصل ابن ِسلحان، پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین و سابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والا، وائس چیئرمین آصف ابراہیم، سابق چیئرمین عارف بالاگام والا، چوہدری نصیر کے علاوہ ممبران نے بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کی۔انڈونیشین قونصل جنرل نے چیئرمین پی سی ڈی ایم اے امین یوسف بالاگام والا کی درخواست پر ایسوسی ایشن کے ممبران کو 2 دن میں ویزہ جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی تاجروں کوکم سے کم مدت میں ویزے کا اجراء یقینی بنایاجائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے تاجر ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی روابط کو بڑھا سکیں اور دوطرفہ تجارت کے ساتھ مشترکہ شراکت داری کے مواقع بھی تلاش کریں تاہم ملٹی پل ویزہ فورری طور پر ممکن نہیں۔