مکہ مکرمہ،ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی، صباح نیوز) خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کر دیا گیا، دوسری طرف کورونا وبا کے دوران محدود حج کے باعث 60 ہزار عازمین مناسکِ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے ، منیٰ میں ہلکی بارش ہوئی جس سے عازمین کے چہرے کھل اٹھے ، حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ (آج) پیر کو ادا کیا جائے گا۔ آج پیر کی صبح عازمینِ حج منیٰ سے حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کرنے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے ۔امسال محدود حج کے باعث منیٰ کا ایک حصہ آباد ہوا، منی ٰمیں حجاج کے لیے چھ ٹاورز اور 71 کیمپ یونٹس مخصوص کیے گئے ہیں، ٹاورز میں 5 ہزار اور خیموں میں 55 ہزار حجاج قیام کریں گے ، جبکہ میدان عرفات میں بھی 60 ہزار حجاج کو ٹھہرانے کے لیے خیمے نصب کردئیے گئے ہیں ۔مسجد الحرام سے میدان عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کی اجازت نہیں ہو گی، میدانِ عرفات اور مزدلفہ جانے کے لیے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق آج پیر کو وقوفِ عرفات ادا کیا جائے گا اور مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا،حجاج کرام اپنا دن عبادت میں گزاریں گے اور مغرب کے بعد مزدلفہ جائیں گے اور نماز کے بعد کنکریاں اکٹھی کریں گے ۔بعدازاں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز عازمین واپس منیٰ آ ئیں گے اور شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد مرد اپنے بال مونڈیں گے اور طواف کریں گے ، اسی طرح مکہ سے واپسی سے پہلے طواف وداع کیا جائے گا جس کے بعد حج مکمل ہوجائے گا۔کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے ۔کورونا وائرس کے باعث صرف 60 ہزار مقامی اور مقیم غیر ملکی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ دریں اثناسعودی نائب وزیر حج نے کہا کہ حج کے بعد 25 جولائی سے عمرے کی اجازت دے دی جائے گی۔نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ یومیہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ دریں اثناغلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہوئی،ان گنت لوگوں نے روح پرور مناظر براہ راست دیکھے ۔غلاف کعبہ ہرسال 8 ذوالحجہ کوبعدنمازعشاتبدیل کیاجاتاہے ۔غلاف کعبہ 670 کلوخام ریشم کے سیاہ کپڑے سے تیارکیاگیا۔غلاف کعبہ کی تبدیلی کاعمل نمازفجرتک جاری رہا۔