لاہور(پ ر )دعوت اسلامی کے بانی و امیراہلسنت مولانا الیاس قادری نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں جن کی تعداد تقریباً 49000ہے کے لئے بھی بڑھ چڑھ کر خون کے عطیات جمع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس ضمن میں تمام امت مسلمہ اور بالخصوص دعوت اسلامی سے وابستہ افراد کو یہ ترغیب دلائی گئی کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں آگے بڑھیں اور خون کے عطیات کے ذریعے نہ صرف ان لاکھوں بچّوں بلکہ ان کے والدین کی دلی راحت کا سبب بنیں۔اس موقع پر بانی دعوت اسلامی مولانا الیاس قادری اور دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری نے بھی خون کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ مولانا الیاس عطار قادری نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھرکے لوگوں کی دعوت اسلامی امداد کرے گی۔ دعوت اسلامی ایک عالم گیر تحریک ہے اس کا وسیع اورمنظم نیٹ ورک دنیا بھر میں قائم ہے جہاں سے غریبوں ، ضرورت مند لوگوں کی امداد کی جائے گی۔ اس کار خیر میں دعوت اسلامی کے لاکھوں کارکن حصہ لیں گے ،یہ امدادی پروگرام موجودہ حالات میں اور آئیندہ بھی غریب و نادار مسلمانوں کی مدد کرتا رہے گا۔