اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے آصفہ بھٹو زرداری کی اڈیالہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرسماعت تین مارچ تک ملتوی کردی،اڈیالہ جیل حکام نے عدالت میں جواب جمع کرادیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کر لئے ۔ احتساب عدالت نے ایل این جی سکینڈل میں گرفتارلیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 مارچ تک توسیع کر دی جبکہ مفرور ملزم شاہد مظفرالاسلام کو ٹرائل سے الگ کرنے سے متعلق نیب کی استدعا منظور کر لی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے فریال تالپور کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل جواب طلب کر لیا ۔احتساب عدالت لاہور نے آئی پی پیزسے متعلقہ 8 ارب مالیت کی مبینہ کرپشن کے الزام میں ملوث سابق ڈی جی نیپرا سید انصاف احمد کیخلاف کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کرکے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت لاہورکے جج اسد علی نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں 22کروڑ روپے کے فرنس آئل کی چوری کے کیس میں ملزمان اسلم باغ اور اخلاق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 6 روز توسیع کر دی اور 27 فروری کو فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے مزید دلائل طلب کر لئے ۔