لاہور(خصوصی نمائندہ)صدر پی ٹی آئی پنجاب اعجاز چودھری نے 6 ستمبر کو لاہور میں آل پاکستان کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کر دیا،کانفرنس سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، صدر آزاد کشمیر مسعود خان، وزیراعلی پنجاب سرداد عثمان خان بزدار خطاب کریں گے ۔صدر پی ٹی آئی پنجاب اعجاز چودھری نے کہا کہ آل کشمیر کانفرنس کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ،انہوں نے کہا کہ کشمیر ڈیسک کمیٹی کے کنوینر میجر(ر) غلام سرور ہوں گے جبکہ اسکے ممبران میں ممبر کشمیر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان،عثمان سعید بسرا، شبیر سیال، عارف عباسی اور دیگر شامل ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔ علاوہ ازیں اعجازچودھری سے صوبائی سیکرٹریٹ میں ضلع جھنگ سے صوبائی وزیر کو آپریٹو مہراسلم عباس بھروانہ، پارلیمانی سیکرٹری پنجاب کرنل(ر) غضنفر عباس قریشی، پارلیمانی سیکرٹری فیصل جیوآنہ، پارلیمانی سیکرٹری پنجاب رانا شہباز، ایم پی اے آصف کاٹھیا، سابقہ پی ٹی آئی ضلعی صدور جھنگ آفتاب افگن،غلام غازی سیال نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،اعجازچودھری نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم سازی میں پارٹی کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپیں گے ، گراس روٹ سطح تک تنظیم سازی سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔