کابل (رائٹرز،نیٹ نیوز )افغانستان میں طالبان نے غزنی پر حملے شروع کر کے تین قصبوں پر قبضہ کر لیا ۔مقامی حکام کے مطابق طالبان اور افغان فورسز میں شدید لڑائی ہور ہی ہے ، دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں اور گولہ بارود کا استعمال کیا جارہا ہے ۔سینئر افغان حکام نے طالبان کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز چھینے گئے علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کرر ہی ہیں ۔ غزنی کے پولیس حکام کے مطابق طالبان نے گزشتہ رات غزنی پر کئی ا طراف سے حملہ کیا ہے ، غزنی شہر کے علاقے شیخ اجل اور گنج میں فورسز کی چوکیوں کے قریب جھڑپوں میں شدت آگئی جس پر دکانداروں نے مین مارکیٹ کو بند کردیا۔ غزنی میں صوبائی کونسل کے رکن عبد الجامی نے بتایا غزنی کی صورتحال بدل رہی ہے ، مضافاتی علاقوں میں بیشتر علاقوں کا کنٹرول افغان فورسز نے واپس لے لیا ہے ۔ غزنی کے رکن پارلیمان خداد عرفانی نے تایا ہے کہ طالبان نے غزنی کے خواجہ عمری،واعظ،اور موکور نامی قصوں پر قبضہ کر لیا جس کے بعد سرکاری فوج علاقے سے پسپا ہو چکی ہے ۔دریں اثنا افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی صوبہ فریا ب کے قصبے پشتون کوٹ اور صوبہ پروان کے قصبے شینواری کو طالبان سے آزاد کرا لیا ہے ۔ قندوز میں ہسپتال کے حکام کے مطابق طالبان اور فورسز کے درمیان لڑائی میں رواں ہفتے کے دوران 28شہری جاں بحق اور 290زخمی ہوئے ۔