ایبٹ آباد،پشاور(صباح نیوز،اے پی پی) کوہستان ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار افضل کوہستانی کے قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم کوگرفتارکرلیاگیاہے ۔ ڈی پی اوایبٹ آبادعباس مجید مروت نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقتول افضل کوہستانی کے گرفتار بھانجے فیض الرحمٰن کے بیان کی روشنی میں مزید 3ملزموں باضمیر،معصوم اورعبدالحمید کو نامزد کرکے ایک ملزم معصوم کو کولئی پالس سے گرفتار کرلیا ہے ،ملزم سے 2کلاشنکوف اور2میگزین برآمد کی گئی ہیں۔دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ڈی پی او نے کہاکہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے ۔ادھر افضل کوہستانی کی نماز جنازہ تحصیل الائی کے علاقے نوگرام میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں کسی بھی حکومتی شخصیت نے شرکت نہیں کی۔