پشاور(92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ افغان امن عمل خوش آئندہ، دہشتگردی کیخلاف متحد ہونا ہوگا، قیام امن کیلئے اے این پی نے آج تک 1200سے زائد کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں۔ افغان عالمی امن کانفرنس سے واپسی پرعالمی یوم امن کے حوالے سے ایک بیان میں سفندیار ولی نے کہا کہ ہم نے اپنے سروں پر کفن باندھ کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ قوم کو اس پر بھی سوچنا ہوگا کہ اُن کے حقیقی نمائندے کون ہیں؟کوئی مانے یا نہ مانے گزشتہ چالیس سال سے پختونوں کی سرزمین میدان جنگ بنی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گر پختون تقسیم ہونگے اور دہشتگردی کا مقابلہ ایک پلیٹ فارم سے نہیں کرینگے تو اس کا فائدہ دہشتگردوں کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں آج پھر واضح کرتا چاہتا ہوں کہ اختلافی باتوں سے کچھ نہیں بننے والا،جب تک ہم ایک نہیں ہونگے ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتے ۔