لاہور (ا ین این آئی) افغان تجارتی وفد پہلی بار پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر لاہور میں 14 دسمبر سے شروع ہونے والی 3 روزہ میگا ’’انٹیریئرز پاکستان‘‘ نمائش میں شرکت کے لئے پاکستان آئے گا۔ یہ بات پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے ہفتہ کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے میگا نمائش کے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیر ملکی وفود کے شایان شان استقبال اور میزبانی کے لئے خصوصی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایف مقامی برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کے ممکنہ خریداروں کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے ۔ اس ایکسپو کا بنیادی مقصد ملک کی برآمدی تجارت میں اضافہ اور دنیا بھر سے خریداروں کو پاکستانی کاروباری اداروں سے روابط کے قیام کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایکسپو مطلوبہ تجارتی مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا اور پاکستان قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکے گا۔